ٹو بہ :غیر قانونی آئل کے کاروبار کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں
سول ڈیفنس حکام کے عوامی تحفظ یقینی بنانے کے اقدامات، غیر قانونی سامان ضبط کرلیا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)محکمہ سول ڈیفنس ٹوبہ ٹیک سنگھ کی انفورسمنٹ ٹیموں کی غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ اور آئل کے کاروبار کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق سول ڈیفنس آفیسر محمود حسین گل کی زیر نگرانی ٹیموں نے ضلع کے مختلف پٹرول پمپوں کے کاغذات اور فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور اس دوران رجانہ روڈ اور کمالیہ روڈ رجانہ میں2 پٹرول پمپس کو سیل کر دیا۔
اسی طرح چک 260 گ ب رجانہ میں منی پٹرول پمپ کو بھی سیل کرکے چالان کر دیا اور غیر قانونی سامان ضبط کر کے مزید کارروائی شروع کر دی۔ اس حوالے سے محمود حسین گل نے کہا ہے کہ محفوظ پنجاب ویژن کے تحت عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے غیر قانونی کاروبار کے خلاف اقدامات جاری رہیں گے ، ضلعی انتظامیہ قانون کے نفاذ میں کسی رعایت کا مظاہرہ نہیں کرے گی ۔