ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے ڈینگی کا اجلاس ،ہدایات جاری

 ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے ڈینگی کا اجلاس ،ہدایات جاری

اے ڈی سی جی نے ڈینگی کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے ڈینگی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈینگی کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے ضلعی سطح پر کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں آئندہ سال کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈینگی کنٹرول کیلئے پیشگی تیاری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ مستقبل کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے جامع پلاننگ کی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام صرف محکمہ صحت کی ذمہ داری نہیں بلکہ تمام ضلعی محکموں کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،فیلڈ میں موجود خامیوں اور ڈیفیشنسیز کی فوری نشاندہی اور ان کا ازالہ کیا جائے ، مؤثر مانیٹرنگ کے بغیر ڈینگی کنٹرول ممکن نہیں۔اجلاس میں واضح کیا گیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا تاکہ ڈینگی کے خلاف جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں