3 غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنا دی گئی
ایف ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے دفاتر سربمہر، غیر قانونی ڈھانچے مسمارکر دیئے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف تسلسل سے آپریشن جاری ہے ، اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے امین پور روڈ پر 3 غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنا دی۔آپریشن کے دوران غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور ان کے دفاتر کو سربمہر کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر اسلم رندھاوا اور دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے امین پور روڈ پر ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت چیک کی۔جائزے کے دوران انکشاف ہوا کہ دو اضافی آبادیوں کی آڑ میں ہاؤسنگ سکیمیں جبکہ حاشر ٹاؤن کے نام سے ایک غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے وہاں عارضی سڑکوں اور دیگر غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا گیا۔