جھنگ :ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، جاری منصوبوں کا جائزہ

جھنگ :ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، جاری منصوبوں کا جائزہ

فلاحی منصوبوں پر تیزی اور شفافیت کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنایا جائے :علی اکبر

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی زیر صدارت ضلعی محکموں کے افسروں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمانہ کارکردگی اور جاری منصوبوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی گزشتہ روز کی کارکردگی پر غور کیا گیا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ستھرا پنجاب پروگرام اور واسا جھنگ کی ورکنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ بیوٹیفکیشن سکیموں پر کام کی پیشرفت سے متعلق ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے پیرا فورس کو عارضی تجاوزات کے خاتمے کیلئے مانیٹرنگ مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

جبکہ محکمہ ہائی وے کو شاہراہوں کی بہتری، تزئین و آرائش اور جاری سکیموں کی مؤثر نگرانی کے احکامات جاری کئے ۔انہوں نے تمام افسروں کو ہدایت کی کہ عوامی فلاحی منصوبوں پر تیزی اور شفافیت کے ساتھ عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ، اس ضمن میں کسی قسم کی سستی اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے دو گورنمنٹ سکولوں کے طلبہ اور اساتذہ سے جاری تدریسی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ لی اور ہدایات جاری کیں کہ تعلیم کے فروغ اور تدریسی سرگرمیوں کیلئے تمام میسر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں