بیو ٹیفکیشن پراجیکٹ : کچہری بازار کی سڑک کھوددی گئی : 66 فٹا بازار بھی ری ڈیزائن کرنیکا فیصلہ
کچہری بازار کے وسط میں گرین بیلٹ بنائی جائے گی،وزیراعلیٰ کی ہدایات پر ترقیاتی کام تیز ،مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں گے :انتظامیہ، تاجروں کا پراجیکٹ پر اظہار ناراضگی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کے تحت کچہری بازار میں سڑک کھود دی گئی جبکہ منصور آباد 66 فٹا بازار کو بھی ری ڈیزائن کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق کچہری بازار سے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے ، تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں اس وقت بیک وقت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے ، ایک طویل عرصے بعد شہر میں ڈویلپمنٹ کے کاموں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے ، جن میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، سڑکوں کا پیچ ورک، صفائی مہم، آوارہ کتوں کو تلف کرنے کی مہم اور بیوٹیفکیشن کے میگا پراجیکٹس شامل ہیں۔بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کے تحت گھنٹہ گھر کے 8 بازاروں کو ماڈل بنایا جا رہا ہے۔
جس کیلئے کچہری بازار میں کام شروع کر دیا گیا اور بازار کے وسط میں گرین بیلٹ بنانے کیلئے سڑک اکھاڑ دی گئی ، جس کے باعث دکانداروں کا کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے ،کچہری بازار کے بعد شہر کے دیرینہ مسئلے 66 فٹا بازار سے بھی تجاوزات کا خاتمہ کرکے بازار کو ری ڈیزائن کیا جائے گا، جو ماضی میں ناممکن دکھائی دیتا تھا۔انتظامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ڈویژنل کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مکمل طور پر متحرک ہیں۔ واضح رہے چند ماہ قبل یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ گھنٹہ گھر اور اس سے ملحقہ 8 تاریخی بازاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق خوبصورت بنانے کیلئے میگا پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
جس پر اب عملی کام شروع ہو چکا ۔دوسری طرف کچہری بازار میں کھدائی پر دکانداروں نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے ،مقامی تاجر تنظیمیں اور یونینز بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کی مخالفت کر رہی ہیں اور منصوبے پر انتہائی ناخوش ہیں۔ تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کچہری بازار سے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے ، یہ پراجیکٹ مارچ میں مکمل ہوگا، جس کے تحت وائرنگ کو انڈر گراؤنڈ کیا جائے گا جبکہ مخصوص تھیم کے تحت ڈیزائننگ بورڈز اور فوڈ کورٹ بھی بنائے جائیں گے ۔ نیسپاک کی جانب سے ڈیزائننگ مکمل کر لی گئی ، کچہری بازار کے بعد امین پور اور جھنگ بازار کو بھی اسی طرز پر ماڈل بنایا جائے گا۔