جھنگ: سردیوں میں سوئی گیس کی کمی، شہریوں میں تشویش
بعض گھروں میں کمپریسر نصب ،کھانے کے اوقات میں شدید مشکلات
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سردی کے آغاز کے ساتھ ہی جھنگ کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی قلت پیدا ہو گئی ہے ۔ محلہ نورپورہ، محلہ مرضی پورہ، بستی کل والی، محلہ یوسف آباد، محلہ احمد نگر اور بستی دیوان کے مکینوں نے اعلی حکام سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے ۔شہریوں نے بتایا کھانے کے اوقات میں گیس دستیاب نہیں ہوتی، اور اگر کبھی آتی بھی ہے تو پریشر بہت کم ہوتا ہے ، جس کی وجہ سے بنیادی کھانے کی تیاری بھی مشکل ہو جاتی ہے۔
بعض مکینوں نے گھروں میں کمپریسر نصب کیے ہوئے ہیں جو پڑوسیوں تک گیس کی فراہمی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔شہریوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کمپریسر رکھنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے اور گیس کی یکساں تقسیم اور مناسب پریشر کے شیڈول پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔