گلستان کالونی اکبرآباد چوک پر تجاوزات کیخلاف آپریشن
بھاری مشینری کے ذریعے پختہ تجاوزات کو مسمار کیا گیا ، سامان قبضہ میں لے لیا
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے گلستان کالونی اکبرآباد چوک پر گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے ہر قسم کی تجاوزات کا خاتمہ کر کے عوامی مشکلات کا ازالہ کر دیا۔ کارروائی کے دوران بھاری مشینری کے ذریعے پختہ تجاوزات کو مسمار کیا گیا جبکہ عوامی راستوں پر رکھا گیا کاروباری سامان اٹھا کر تحویل میں لے لیا گیا۔ تجاوزات میں ملوث 10 دکانداروں کے چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دئیے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے گلستان کالونی اکبرآباد چوک سے تجاوزات فوری طور پر ختم کرنے کے احکامات جاری کیے ۔ ان ہدایات پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا، انسپکٹر ثنا اللہ اور دیگر عملے پر مشتمل اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے بھرپور کارروائی کی۔آپریشن کے دوران بھاری مشینری کے ذریعے پکے تھڑے ، کاؤنٹرز اور دیگر ناجائز تعمیرات مسمار کر دی گئیں جبکہ برگر، شوارما، بار بی کیو اور دیگر خوردنی اشیاء کے سٹالز ختم کر کے عوامی راستوں کو کلیئر کر دیا گیا۔