ڈسٹرکٹ بار کے آج انتخابات ، پولیس کا سکیورٹی پلان تشکیل
2500 سے زائد پولیس افسر و اہلکار، ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی ٹیمیں ڈیوٹی دینگیضلع کچہری روڈ سمیت مختلف راستوں کو خار دار تاریں اور بیرئیرز لگا کر سیل کر دیا گیا
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آبادکے سالانہ انتخابات آج ہونگے ،ضلعی پولیس نے امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا ، 2500 سے زائد پولیس افسر و اہلکار، ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی خصوصی ٹیمیں سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔ الیکشن کے عمل کی مانیٹرنگ اور سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کر دیئے گئے ہیں،نگرانی کیلئے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان بھی تعینات کئے گئے ہیں۔۔ فیصل آباد پولیس نے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے ، جس کے تحت الیکشن کے حوالے سے ضلع کچہری روڈ، ضلع کونسل سے کچہری بازار اور کچہری بازار سے چنیوٹ بازار چوک تک کے راستوں کو خار دار تاریں اور بیرئیرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی مانیٹرنگ آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کر رہے ہیں ، اس حوالے سے دونوں افسر وں نے گزشتہ روز سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مختلف مقامات کے دورے کئے اور ڈیوٹی پر موجود افسروں اور اہلکاروں کو سکیورٹی انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ سہیل اختر سکھیرا اور صاحبزادہ بلال عمر نے وکلاء برادری سے اپیل کی کہ سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے پولیس کا ساتھ دیں ، ہوائی فائرنگ سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں سے گریز کیا جائے ، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔