ٹوبہ :سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تعمیراتی کام جاری
تعلیمی سہولیات کی بہتری کیلئے وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں:راحیلہ جمیل
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سلسلہ میں ضلع بھر میں 222 کلاس رومز، 105 ٹوائلٹ بلاکس اور 359 باؤنڈری والز کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔سی ای او ایجوکیشن راحیلہ جمیل کے مطابق ضلع میں تعلیمی سہولیات کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سکولوں میں مسنگ فسیلٹیز کی فراہمی سے نہ صرف تعلیمی ماحول بہتر ہوگا بلکہ بچوں کی حاضری اور داخلوں کی شرح میں بھی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ منصوبوں کو بروقت مکمل کر کے عوام کو ان کے ثمرات پہنچائے جا سکیں۔سی ای او ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام تعمیراتی کام مقررہ وقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کئے جائیں تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے ۔