چنیوٹ:ڈی پی اوکی اپنے دفتر اور مسجد میں کھلی کچہریاں
شہریوں کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کرائی ،احکامات بھی جاری پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے اقدامات جاری ہیں:ڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کیلئے ڈی پی اوچنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے نماز جمعہ کے موقع پر جامعہ مسجد زبیدہ،باقر والی چنیوٹ میں کھلی کچہری لگائی، اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ سٹی، انچارج شکایت سیل اور دیگر افسر بھی موجود تھے ۔ ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے شہریوں کے مسائل سنے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ،شرکاء کو پولیس کی جانب سے مہیا کی جانے والی عوام دوست پولیس خدمات،بہتر پبلک سروس ڈیلیوری کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈی پی او نے شہریوں کو نئے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ مسجد میں لوگوں کے مسائل سننا سنت نبوی ؐہے ،مقصد آپ کے مسائل آپ کے پاس آکر سننا اور ان کو حل کرنا ہے۔
تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے اقدامات جاری ہیں، میں روانہ دن 10سے 12 بجے دن شہریوں کے مسائل کیلئے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کرتا ہوں ۔دریں اثناء ڈی پی او چنیوٹ نے اپنے آفس میں بھی کھلی کچہری کا انعقاد کیا اورلوگوں کے مسائل کو سن کر فوری دادرسی کیلئے احکامات جاری کر دیئے ۔ ڈاکٹرنوید عاطف نے کہا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں شہری پولیس سے متعلقہ مسائل،شکایات کی صورت میں بلاجھجک بغیر کسی سفارش میرے دفتر تشریف لائیں ۔