پارکنگ نظام جدید بنانے کا فیصلہ، 2 ہفتے میں ماسٹر پلان طلب
سرکاری اراضی پر پارکنگ پلازے تجویز کئے جائیں :راجہ جہانگیر انور
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ڈویژنل انتظامیہ نے فیصل آباد شہر میں پارکنگ کے نظام کو منظم اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے فیصل آباد پارکنگ کمپنی کی انتظامیہ کو دو ہفتوں کے اندر جامع ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی ، جبکہ واضح کیا گیا ہے کہ غیر قانونی پارکنگ پوائنٹس کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ، ایم ڈی پارکنگ کمپنی/ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس، چیف ٹریفک آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، سیکرٹری آر ٹی اے اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔کمشنر نے ایم ڈی پارکنگ کمپنی کو ہدایت کی کہ شہر میں موجود پارکنگ سائٹس کے ساتھ ساتھ ضرورت کے مطابق سرکاری اراضی پر پارکنگ پلازے تجویز کئے جائیں، تاکہ شاہراہوں پر غیر ضروری پارکنگ کا خاتمہ ہو ۔