شہری سوئی گیس بلز میں اضافے پر سراپا احتجاج بن گئے
بلوں میں اتنا اضافہ نہ کیا جائے کہ ادا کرنا ناممکن ہو جائے :شہری
چناب نگر (نامہ نگار )سوئی گیس کے حالیہ بلز موصول ہوتے ہی چناب نگر کے شہری سراپا احتجاج ہو گئے ۔ شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ غریب عوام پر رحم کرے اور سوئی گیس بلوں میں بے تحاشا اضافے کو واپس لے ۔حکومت نے بجلی کے بعد سوئی گیس کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ کر کے شہریوں کو بھاری بلز بھیج دئیے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور افلاس کے بوجھ تلے دبتے ہوئے بجلی کے بھاری بلز ادا کرنے میں دشواری محسوس کر رہے تھے ، اور اب سوئی گیس کے بھاری بلز نے ان کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے ۔شہریوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سوئی گیس کے بلوں میں اتنا اضافہ نہ کیا جائے کہ انہیں ادا کرنا ناممکن ہو جائے ۔