ٹوبہ :شہری پانی اور سیوریج کی بدتر صورتحال پر شدید اذیت

 ٹوبہ :شہری پانی اور سیوریج کی بدتر صورتحال پر شدید اذیت

شہری مہنگے داموں نجی ٹینکروں سے پانی خریدنے پر مجبور ،سیوریج نظام بھی خراب

 ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )حکومت پنجاب کی جانب سے یکم جنوری سے شہر میں واٹر سپلائی اور سیوریج کا نظام میونسپل کمیٹی سے ختم کر کے نو قائم شدہ محکمہ واسا کے سپرد کیے جانے کے بعد شہری مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ واسا کے قیام کے بعد سے شہر بھر میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر درہم برہم ہو چکی ہے اور شہری پینے کے پانی کی ایک ایک بوند کے لیے ترس رہے ہیں۔شہر کے متعدد علاقوں میں کئی دنوں تک پانی کی سپلائی معطل رہتی ہے ، جس کے باعث شہری مہنگے داموں نجی ٹینکروں سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ خواتین، بچے اور بزرگ شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

اسی طرح شہر بھر میں سیوریج کا نظام بھی تباہی کی تصویر پیش کر رہا ہے ، مختلف شاہراہوں، گلی محلوں اور رہائشی علاقوں میں سیوریج لائنیں ابل رہی ہیں اور گندہ پانی سڑکوں اور گھروں میں پھیل گیا ہے ، جس سے نہ صرف بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے بلکہ وبائی امراض کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔شہریوں نے حکومت پنجاب اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واسا ٹوبہ کی کارکردگی کا فوری نوٹس لیا جائے ، پانی کی بلا تعطل فراہمی اور شہر بھر میں سیوریج کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں، بصورت دیگر شہری احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں