گوجرہ میں گرینڈ صفائی و بیوٹیفکیشن آپریشن کا آغاز
آپریشن میں تمام ضلعی مشینری اور ہیومن ریسورس بروئے کار لائے جائینگے
گوجرہ (نمائندہ دنیا )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت تحصیل گوجرہ میں میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا اور ضروری فیصلے کیے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیر نگرانی اجلاس میں شہر بھر میں گرینڈ صفائی و بیوٹیفکیشن آپریشن کی حکمت عملی تیار کی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز، بلدیاتی اداروں اور ستھرا پنجاب نمائندگان نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کے احکامات کی روشنی میں آج بروز ہفتہ 17 جنوری کو تحصیل گوجرہ میں شہر بھر میں گرینڈ صفائی و بیوٹیفکیشن آپریشن شروع کیا گیا۔
آپریشن میں تمام ضلعی مشینری اور ہیومن ریسورس بروئے کار لائی جائے گی، جبکہ پارکس، گرین بیلٹس، قبرستان اور دیگر عوامی مقامات کی صفائی بھی کی جائے گی۔سڑکوں پر پیچ ورک، سٹریٹ لائٹس، لین مارکنگ اور زیبرا کراسنگ کی بحالی کی ہدایات دی گئی ہیں، اور وال آرٹ بیوٹیفکیشن، ڈائریکشن بورڈز کی تنصیب اور شہر کی خوبصورتی کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آوارہ کتوں کے خلاف مہم، وال چاکنگ اور غیر قانونی بینرز و فلیکسیز کے خاتمے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔