جی سی یو اور نجی ادارے میں ڈیجیٹل لرننگ ہب بنانے کا معاہدہ

جی سی یو اور نجی ادارے میں ڈیجیٹل لرننگ ہب بنانے کا معاہدہ

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کی قیادت میں لرننگ ہب قائم کیا جائیگا

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)خواتین کی ڈیجیٹل خودمختاری کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد اور ایک نجی آرگنائزیشن کے مابین ڈیجیٹل لرننگ ہب کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔ ترجمان یونیورسٹی کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کی قیادت میں ہونے والے اس معاہدے کے تحت ایک کثیرالمقاصد ڈیجیٹل لرننگ ہب قائم کیا جائے گا۔منصوبے کا مقصد طالبات کی ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینا، انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مؤثر رہنمائی فراہم کرنا اور خواتین کی معاشی خودمختاری کو تقویت دینا ہے ۔ اس مفاہمتی یادداشت پر یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین اور ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سمین جبکہ کاروان کرافٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے پراجیکٹ ڈائریکٹر آمنہ علی نے دستخط کیے۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے اس اشتراک کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت خواتین کو عملی اور جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے اور تعلیمی اداروں و کمیونٹی کے مابین مضبوط روابط کے قیام کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل لرننگ ہب طالبات کے لیے سیکھنے اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گا اور یونیورسٹی کے سماجی کردار کو مزید مؤثر بنائے گا۔معاہدے کے تحت گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد اور نجی آرگنائزیشن مشترکہ طور پر ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ، منظم مینٹورشپ پروگرامز، صلاحیت سازی کے اقدامات اور کمیونٹی سے منسلک تربیتی سرگرمیوں پر کام کریں گے تاکہ خواتین کی معاشی شمولیت اور خودانحصاری کو فروغ دیا جا سکے ۔ تقریب میں یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام اور کاروان کرافٹس فاؤنڈیشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں