امریکن یونیورسٹی بیروت، لبنان کے 7طلبا کی انٹرن شپ مکمل
پروگرام فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر آفس کے زیراہتمام منعقد کیا گیا ،سرٹیفکیٹس تقسیم
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)اکیڈمک ایکسچینج انٹرن شپ پروگرام کے تحت امریکن یونیورسٹی بیروت، لبنان کے سات بین الاقوامی طلبہ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ایک ماہ کی انٹرن شپ کامیابی سے مکمل کر لی۔ یہ پروگرام فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر آفس کے زیراہتمام منعقد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ ایکسچینج پروگرامز کے ذریعے نہ صرف طلبہ کو متعلقہ شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملتا ہے بلکہ جدت، تحقیق اور صلاحیت سازی کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف زرعی نظاموں اور تعلیمی ماحول سے آگاہی مستقبل کے رہنماؤں کو عالمی غذائی تحفظ کے مسائل حل کرنے اور پائیدار زراعت سے متعلق چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے قابل بناتی ہے ۔تقریب میں ڈین اینیمل ہسبنڈری ڈاکٹر قمر بلال، ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر وقاص وکیل، ڈین ایگریکلچرل انجینئرنگ ڈاکٹر انجم منیر، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر راؤ زاہد عباس، رجسٹرار ڈاکٹر آصف کامران، ایڈوائزر فارن اسٹوڈنٹس ڈاکٹر محمد احسن اور دیگر نے شرکت کی۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے ۔