جھنگ:منڈے مالدیو بندروڈ عرصہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )اٹھارہ ہزاری چوک سے متعدد دیہاتوں کو شہر سے ملانے والا منڈے مالدیو بندروڈ عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ،
جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور سفر کرنا محال ہو چکا ہے ۔اٹھارہ ہزاری چوک سے لے کر منڈے سید تک کی سڑک کی حالت انتہائی خراب اور خطرناک ہو چکی ہے ، اور روزانہ حادثات کا خطرہ رہتا ہے ۔ یہ روڈ آئے روز چھوٹے بڑے حادثات کا سبب بن رہا ہے ، جس سے مریضوں کو ہسپتال لے جانے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔سکول کے بچوں اور دیگر مسافروں کے لیے یہ سڑک شدید اذیت اور دشواری کا باعث بن رہی ہے ۔ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی الگ الگ نقصان پہنچ رہا ہے ۔اہل علاقہ نے کئی بار اعلیٰ حکام کو شکایات درج کروائیں، لیکن تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جھنگ سے اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لے کر سڑک کی مرمت کروائی جائے تاکہ عوام کو اس عذاب سے نجات مل سکے ۔