بھاگٹانوالہ: وارداتیں بڑھ گئیں، شہریوں میں خوف و ہراس
روشن میرج ہال سے چور ایک لاکھ 25 ہزار کا سولر انورٹر چوری کر کے لے گئے
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا )تھانہ بھاگٹانوالہ کی حدود میں ایک بار پھر چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔ مختلف مقامات پر نامعلوم چور لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کر کے فرار ہوگئے۔ روشن میرج ہال سے نامعلوم چور تقریباً ایک لاکھ 25 ہزار روپے مالیت کا سولر انورٹر چوری کر کے لے گئے۔
اسی طرح غلام رسول کے ڈیرہ سے ڈھائی لاکھ روپے مالیت کی بھینس چوری کرلی گئی۔ علاوہ ازیں وقاص احمد کے پاس سے 50 من وزنی لکڑی، جس کی مالیت تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار روپے بتائی جاتی ہے، نامعلوم چور چرا کر لے گئے ۔ ایک اور واردات میں محمد یونس سے گن پوائنٹ پر رکشہ، جس کی مالیت ایک لاکھ 80 ہزار روپے ہے ، اور 11 ہزار 500 روپے مالیت کا موبائل فون چھین لیا گیا۔
مزید برآں نیشنل ہائی وے کے دفتر سے بھی نامعلوم چور تقریباً تین لاکھ روپے مالیت کے ٹرانسفارمر کی کوائل چوری کر کے فرار ہو گئے۔ پولیس نے متاثرہ افراد کی درخواستوں پر نامعلوم ملز موں کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ، جبکہ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس حکام سے فوری کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔