تھانہ مسن پولیس نے 10 ملزموں کو گرفتار کرلیا
چوریوں میں ملوث ملزموں سے 41 لاکھ کا مال برآمد، مالکان کے سپرد
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈی پی او ساجد حسین نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ تھانہ مسن پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے چوری کی وارداتوں میں ملوث 10 ملزموں کو گرفتار کر لیا جن سے تفتیش جاری ہے ۔ گرفتار ملزموں سے 41 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کر لیا گیا۔ برآمد ہونے والے مال میں 14 موٹر سائیکلیں، نقدی اور مال مویشی شامل ہیں جنہیں قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کردیا گیا ہے ۔اس موقع پر ڈی پی او جھنگ نے کہا کہ پولیس کی اجتماعی کاوشوں اور مربوط حکمت عملی سے رواں سال ضلع جھنگ میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانا جھنگ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی عملداری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔آخر میں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جرائم کے خاتمے کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ پولیس کو دیں تاکہ معاشرے کو پرامن اور محفوظ بنایا جا سکے۔