گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول بنیادی سہولیات سے محروم
چک نمبر 400 ج ب کی طالبات کو مشکلات کا سامنا ،سہولیات فراہمی کامطالبہ
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )چک نمبر 400 ج ب کا گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول بنیادی سہولیات سے محروم ہو کر زبوں حالی کا شکار ہوگیا، زیرِ تعلیم طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،سکول کے گرد چار دیواری نہ ہونے پر مال مویشی کھلے عام سکول کے احاطے میں داخل ہو کرسارا دن گھومتے رہتے ہیں،بعض دیہاتیوں نے سکول کے احاطے میں گوبر اور گندگی کے ڈھیر بھی لگا دیئے ہیں، جس سے شدید بدبو کے باعث طالبات اور اساتذہ کا کلاسز لینا مشکل ہو جاتا ہے ، سکول کی صفائی کا بھی کوئی مناسب انتظام نہیں جگہ جگہ گندگی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر موجود ہیں سکول میں قائم واش روم کمروں سے کافی فاصلے پر تعمیر کیا گیا ہے اور وہاں پانی کی سہولت موجود نہیں، طالبات کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی بھی سنگین مسئلہ بن چکی ہے اور طالبات کو دور دراز سے پانی لانا پڑتا ہے ،اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ سکول میں فرنیچر کی کمی، کلاس رومز کی خستہ حالی اور گرمی کے موسم میں پنکھوں کی عدم دستیابی بھی مشکلات پیدا کر رہی ہے ، بارش پرسکول کے احاطے میں پانی کھڑا ہو جاتا ہے بچیوں کو کیچڑ سے گزر کر کلاس رومز تک پہنچنا پڑتا ہے ،چک نمبر400ج ب کے نمبر دار چو ہدری راشد فاروق ودیگرمکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سکول کے گرد فوری چار دیواری تعمیر کروائی جائے اودیگربنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں ۔