ڈینگی کے پھیلاؤ کا خدشہ ، تمام ہاٹ سپاٹس کی سرویلنس ، لاروافوری تلف کرنے کی ہدایت
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی انسدادِ ڈینگی کااجلاس، ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد اورپانی جمع ہونیوالے مقامات کی جلد کلیئرنس پر زور
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں حالیہ دنوں میں بارشوں کے پیش نظر خصوصی اقدامات کی ہدایت کی گئی۔انہوں نے ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر تمام ہاٹ سپاٹس کی سو فیصد کوریج یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی آگاہی مہم مزید تیز کی جائے۔
فیلڈ ٹیموں کو متحرک کرتے ہوئے گھروں کی چھتوں اور کمرشل مقامات کی باقاعدہ چیکنگ یقینی بنائیں۔ٹائر شاپس کی خصوصی انسپکشن، پانی جمع ہونے والے مقامات کی فوری کلیئرنس،گلی محلوں اور قبرستانوں میں سرویلنس بڑھانے ، لاروا کی بروقت تلفی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا تمام متعلقہ محکمے انسداد ڈینگی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور کارکردگی رپورٹس باقاعدگی سے بروقت جمع کرائی جائیں۔