فیصل آباد ماسٹر پلان کے حوالے سے رکاوٹیں دور کرنے کا حکم

فیصل آباد ماسٹر پلان کے حوالے سے رکاوٹیں دور کرنے کا حکم

کمشنر مسرت جبیں کو ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی جانب سے بریفنگ دی گئی

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کو ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ سیشن کے دوران انہیں فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تنظیمی ڈھانچے ، دائرہ اختیار، لیگل فریم ورک، کارکردگی، ترقیاتی سرگرمیوں اور دیگر متعلقہ امور سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ، عاصم محمود، افنان سعید رندھاوا، ڈپٹی ڈائریکٹرز عدنان شہزاد، افضال انصاری، فاران صدیقی و دیگر افسر بھی موجود تھے ۔کمشنر مسرت جبیں نے بریفنگ کی تفصیلات اور مالی و انتظامی وسائل کے بہتر استعمال پر ایف ڈی اے کی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی بہبود اور ترقیاتی سرگرمیوں میں مصروف اداروں کی سروسز کو یکجا کر کے شہری ترقی کی بنیادوں کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ انہوں نے فیصل آباد ماسٹر پلان کے حوالے سے درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے تیز رفتار اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ایف ڈی اے سٹی میں دستیاب پلاٹس فیسکو کو فروخت کرنے کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے ادارے کے مالی استحکام کے لیے مفید اقدام بتایا۔ کمشنر نے ایف ڈی اے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور معاونت کا یقین دلایا اور کہا کہ ترقیاتی عمل میں ایف ڈی اے کو متحرک رکھا جائے گا۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر کو فیصل آباد ماسٹر پلان کے نمایاں پہلوؤں اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں