واساز کے ترقیاتی کام مون سون سے قبل مکمل کرنیکی ہدایت

واساز کے ترقیاتی کام مون سون سے قبل مکمل کرنیکی ہدایت

صوبہ بھر میں اربوں روپے کی سیوریج سکیموں پر تعمیراتی کام جاری :بلال یاسین

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ بلال یاسین کی فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے واساز کی ترقیاتی سکیموں کو مون سون سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت جبکہ واضح کیا ہے کہ تعمیراتی سکیموں میں معیاری میٹریل استعمال کیا جائے تاکہ شفافیت برقرار رہے ۔ یہ ہدایات انہوں نے فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے واساز کے منیجنگ ڈائریکٹرز سے آن لائن اجلاس کے دوران جاری کیں۔ ایم ڈی واسا فیصل آباد ثاقب رضا نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی ،ڈی ایم ڈی ایڈمن شعیب رشید، ڈائریکٹر فنانس جاوید غنی، ڈائریکٹر ایڈمن عارف سریانی بھی موجود تھے ۔ بلال یاسین نے مزید کہا وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر شہریوں کو صاف پینے کے پانی فراہمی اور سیوریج کی معیاری سروسز فراہم کرنا اولین ترجیح ہے جس کیلئے پنجاب بھر میں اربوں روپے کی سیوریج کی ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام جاری ہے جنکی تکمیل کے بعد شہری بدلا ہوا پنجاب دیکھیں گے اور ان کو فراہم کردہ بنیادی ضروریات کا معیار بہت بلند ہو گا۔ صوبائی وزیربلال یاسین  نے اس موقع پر واضح کیا کہ تمام ترقیاتی سکیمیں جون سے قبل مکمل کر لی جائیں تاکہ انکے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں اور مون سون کے دوران بارشی پانی کی تیز رفتار نکاسی کو ممکن بنایا جا سکے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں