گھنٹہ گھر اور ملحقہ آٹھ بازاروں کی بیوٹیفکیشن کاکام تیزی سے جاری،کچہری بازار کا 80فیصد مکمل
اگلے مرحلے میں جھنگ بازار اور امین پور بازار کی بیوٹیفکیشن کا آغاز کیا جائے گا ،بعد ازاں دیگر پانچ بازاروں کو بھی یکساں طرز پر خوبصورتی کے شاہکار میں تبدیل کیا جائے گا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق فیصل آباد کی تاریخی و تجارتی اہمیت کے حامل علاقوں کی بحالی اور خوبصورتی کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے اس سلسلے میں گھنٹہ گھر اور ملحقہ آٹھ بازاروں کی بیوٹیفکیشن کا کام کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے اور کچہری بازار میں ترقیاتی کام تقریباً80 فیصد مکمل ہو چکا ہے ۔کچہری بازار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے معیاری گرین بیلٹس، دیدہ زیب ٹف ٹائلز، جاذب نظر لائٹنگ اور دکانوں کے یکساں ڈیزائن کے ذریعے منفرد اور دلکش شکل دی جا رہی ہے ۔ بازار اس وقت تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور جلد ہی شہریوں کیلئے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ فیصل آباد اس منصوبے کو ماڈل کے طور پر مکمل کرنے کیلئے دن رات سرگرم ہے تاکہ کچہری بازار کو پنجاب کا منفرد اور نمایاں بازار بنایا جا سکے ۔ اس کامیاب ماڈل کے بعد اگلے مرحلے میں جھنگ بازار اور امین پور بازار کی بیوٹیفکیشن کا آغاز کیا جائے گا جبکہ بعد ازاں دیگر پانچ بازاروں کو بھی اسی طرز پر خوبصورتی کے شاہکار میں تبدیل کیا جائے گا۔