بینکوں کے باہر سکیورٹی کاغذی کارروائیوں تک محدود

بینکوں  کے  باہر  سکیورٹی  کاغذی  کارروائیوں  تک  محدود

پولیس کی جانب سے سکیورٹی اقدامات نہ اٹھانے سے بینکوں کے اطراف میں شہریوں سے لوٹ مارکی واردارتیں بڑھنے لگیں،تحفظ دلانے کامطالبہ

فیصل آباد(عبدالباسط سے )بینکوں سے رقم لیکر نکلنے اور رقم لیکر پہنچنے والے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے پولیس کی جانب سے کئے گئے اقدامات محض کاغذی کارروائیوں تک محدود،بینکوں کے اطراف میں ڈکیتی، چوری، راہزنی ، نوسر بازی کے واقعات آئے روز بڑھنے لگے جبکہ بینکوں کی سکیورٹی ڈیوٹی چیک کرنے کیلئے تعینات پولیس ٹیموں کی جانب سے بینکوں کے اندر جاکر ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی گارڈز کو بریف کرنے ، انکے زیر استعمال اسلحے کو چیک کرنے اور دیگر ڈیوٹی پوائنٹس کے حوالے سے فزیکلی وزٹ کرنے کی بجائے مبینہ طور پر اپنی گاڑیوں میں بیٹھ کر ہی حکام کو بوگس وزٹس کی رپورٹس ارسال کی جانے لگیں۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد ضلع بھر میں قائم بینکوں کے اطراف میں آئے روز ڈکیتی، چوری، راہزنی اور نوسر بازی جیسے لوٹ مار کے واقعات میں روزانہ کئی شہریوں کو بھاری رقوم اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا جاتا ہے ۔ سکیورٹی ڈیوٹی چیک کرنے کیلئے آنیوالے پولیس اہلکاروں کی جانب سے گاڑیوں میں بیٹھے بیٹھے ہی گارڈز سے وزٹ رجسٹر منگوا لیا جاتا ہے اور وزٹ کی بوگس رپورٹس لکھ دی جاتی ہیں ۔ پولیس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے ۔ شہریوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیاہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی پکڑ دھکڑ اور انکے جان و مال کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں