سانحہ ماڈل ٹاؤن،شہدا کی برسی پر ضلعی جھنگ میں تقریب
ذمہ داران کو سزا ملنے تک پرامن احتجاج جاری رہے گا:تحریکی قائدین کاخطاب
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے 17 جون کے شہدا کی 12ویں برسی پر ضلعی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن جھنگ میں تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تحریک کے ڈویژنل، ضلعی، تحصیل و سٹی قائدین، عہدیداران، ممبران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ حافظ شکیل قادری ناظم تحریک منہاج القرآن جھنگ، صاحبزادہ فیض القیوم، قاری منور حسین، قاری ساجد اور طارق انصاری نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔تحریکی قائدین کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کو 12 سال گزر چکے ہیں لیکن اس سانحہ میں جام شہادت نوش کرنے والے شہدا کے اہل خانہ کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔ ریاستی دہشت گردی کا شکار ہونے والے شہدا کے ورثا کو آج تک انصاف نہ ملنا انتہائی افسوس کا مقام ہے ۔ جب تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کو سزا نہیں ملتی، ان کا پرامن احتجاج جاری رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر شہدا کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعائے مغفرت بھی کی گئی۔