یوسی دھاندرہ میں سیوریج، صفائی کا بحران سنگین ہوگیا
عرصہ دراز سے صفائی نہ ہونے پر نالیاں بند ،گندا پانی جمع،عوام کومشکلات
ٹھیکریوالا(نمائندہ دنیا)یونین کونسل 169 چک 66 ج ب دھاندرہ میں سیوریج اور صفائی کا بحران سنگین، شہری پریشان،تفصیلات کیمطابق یونین کونسل 169 چک 66 ج۔ب دھاندرہ میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال کے بعد سیوریج کا نظام بھی درہم برہم ہونے لگا ہے ۔مقامی افراد کیمطابق عرصہ دراز سے سیوریج نالیوں کی صفائی نہ ہونے سے نالیاں بند ہو چکی ہیں اور گندا پانی مانے والا چوک،حق چوک،پہلوان ٹی سٹال چوک سمیت دیگر گلیوں،بازاروں اور محلوں میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے گلی محلوں میں کھڑا گندا پانی آمد و رفت میں شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے ۔فوری اقدامات نہ کیے گئے تو گندا پانی پورے علاقے کو لپیٹ میں لے سکتا ہے ۔مقامی افراد سعید انصاری،محسن جمیل،رانا نوید،شکیل انصاری،کاکا انصاری، میاں اشتیاق اور دیگر نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سیوریج نالیوں کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں ۔