ا نتظامیہ نے محرم پر معاہدہ کی پاسداری نہیں کی :انجمن تاجران

 ا نتظامیہ نے محرم پر معاہدہ کی پاسداری نہیں کی :انجمن تاجران

سہ پہر3 بجے ہی بازار بندکرانا تاجروں کا معاشی قتل جوبرداشت نہیں کیا جائیگا

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران کے سرپرست اعلی و صدر انجمن تاجران فیصل آباد خواجہ شاہد رزاق سکا، جنرل سیکرٹری شیخ سعید ،ڈپٹی سیکرٹری میاں ریاض شاہد، چیئر مین اشرف مغل، صدرینگ ٹریڈرز ملک سہیل نیاز طور نے کہا ہے کہ ملکی حالات کی وجہ کاروبار پہلے ہی ٹھپ ہیں تاجر برادری نے ہمیشہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کا بھرپورساتھ دیا مگر اسکے بدلے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاجروں کو ہمیشہ ظلم وزیادتی برداشت کرنا پڑی انہوں نے کہا کہ ماہ محرم شروع ہونے سے قبل تاجرتنظیموں اور ضلعی امن کمیٹیوں کی متعدد بارضلعی انتظامیہ سے میٹنگز ہوئیں جس میں تاجر برادری، ممبران امن کمیٹی کے ساتھ یہ طے پایا کہ محرم کے دوران جس روٹ پر جلوس گزرے گا وہاں جلوس کی ٹائمنگ کے حساب سے ایک دو گھنٹے بازاراور دکانیں بند کردی جائینگی اورامن وامان برقرار رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ،پولیس اور قانون نافذکر نیوالے ادروں سے مکمل تعاون کیا جائیگا تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے کہا کہ ضلعی ا نتظامیہ نے معاہدے کی پاسداری نہیں کی اور اپنی ہڑ دھرمی اور من مانیوں پراترآئی ہے محرم شروع ہوتے ہی بازار اوردکانیں سہ پہر3 بجے ہی بند کرانا تاجروں کا معاشی قتل ا ور صریحاََ زیادتی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ تاجر رہنماؤں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ضلعی انتظا میہ سے اپیل کی ہے کہ تاجرتنظیموں،ضلعی امن کمیٹیوں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ میٹنگز میں جو باتیں طے ہوچکی ہیں ان پر نیک نیتی سے عملدرآمدکرایا جائے اور تاجر برادری انتہائی قدم اٹھانے پر مجبورنہ کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں