تمام محکمے محرم پر ٹاسک کی انجام دہی یقینی بنائیں:کمشنر
مرکزی امام بارگاہ،جلوس روٹس اور حساس مقامات پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد ڈویژن مسرت جبیں نے ستھرا پنجاب ایجنسی کو عشرہ محرم کے جلوسوں کے روٹس پر صفائی کا یقینی بنانے سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے ذمہ ٹاسک کی انجام دہی اور روٹس پر موجودگی ہر صورت یقینی بنائیں۔انہوں نے عشرہ محرم کے جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔آرپی اوسہیل اختر سکیھرا اور ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر بھی ہمراہ تھے ۔کمشنر نے مرکزی امام بارگاہ ڈگلس پورہ سمیت دیگر روٹس پر انتظامی وحفاظتی اقدامات چیک کئے اورروٹس کے کلیئر ہونے کا جائزہ لیا۔انہوں نے منتظمین سے ملاقات کی اور کہا کہ پرامن کے انعقاد کیلئے تمام انتظامی مشینری سرگرم عمل ہے اور تمام متعلقہ محکموں کو فیلڈ میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔کمشنر نے مرکزی امام بارگاہ،جلوس کے روٹس اور حساس مقامات پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا اور کہا کہ حساس مقامات پر اضافی نفری اور سخت سکیورٹی اقدامات کئے جائیں۔ سیف سٹی کیمروں،سرچ و سویپ آپریشنز اور انٹیلی جنس بیسڈ اقدامات کے ذریعے سکیورٹی کو مزید موثر بنایا جائے ۔ عزاداران کو پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اورمحرم کے دوران امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے عشرہ محرم جلوسوں کے روٹس پر کئے گئے انتظامات،محکموں کی ڈیوٹی سے آگاہ کیا۔