اوپن ڈور پالیسی ، ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کے مسائل سنے
عوامی مسائل کے حل میں غفلت برداشت نہیں، ڈپٹی کمشنر کی افسروں کو ہدایت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی اوپن ڈور پالیسی پر بلاتعطل عملدرآمد جاری ہے ۔ انہوں نے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کے مسائل اور شکایات سنیں اور متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے ضلعی محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر میرٹ کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی، سرکاری اداروں میں شفافیت اور شہریوں کے مسائل کا فوری ازالہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ اوپن ڈور پالیسی کا مقصد عام آدمی کو بلا رکاوٹ ضلعی انتظامیہ تک رسائی فراہم کرنا اور اس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے ۔