ڈپٹی کمشنر کا الوداعی تحفہ، ڈائیلسز سنٹر اور ای لائبریری کا افتتاح
سنٹر میں گردوں کے مریضوں کو بلا معاوضہ ڈائیلاسز کی سہولت فراہم کی جائیگی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے اپنی تعیناتی کے آخری روز شہریوں کو دو اہم عوامی منصوبوں کا تحفہ دیتے ہوئے ہلالِ احمر میٹرنٹی ہسپتال میں جدید ڈائیلاسز سنٹر اور کلیم شہید پارک، نڑوالا روڈ میں ای لائبریری کا افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میں ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چودھری، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ حافظ مختار رندھاوا، مسعود بخاری، حاجی رمضان، کرنل اعجاز، حاجی یسین اور دیگر مخیر حضرات بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جدید سہولیات سے آراستہ ڈائیلاسز سنٹر میں گردوں کے مریضوں کو بلا معاوضہ ڈائیلاسز کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سنٹر کا قیام ان کا دیرینہ خواب تھا، جو مخیر حضرات کے تعاون سے پایۂ تکمیل تک پہنچا۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل میں تعاون کرنے والے تمام فلاحی شخصیات کا شکریہ بھی ادا کیا۔بعد ازاں انہوں نے کلیم شہید پارک میں قائم ای لائبریری کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پارکوں کے پُرفضا ماحول میں مطالعے کی سہولت فراہم کرنا کتب بینی کے فروغ کی جانب اہم اقدام ہے۔