اندراج پیدائش و وفات کیلئے شہری دربدر، شکایات میں اضافہ

 اندراج پیدائش و وفات کیلئے شہری دربدر، شکایات میں اضافہ

ٹوبہ کے لوکل گورنمنٹ دفتر میں تاخیر اور ناقص انتظامات پر عوام پریشان

 ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )اندراج پیدائش اور وفات کے معاملات میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جس کے باعث لوکل گورنمنٹ دفتر کے خلاف شکایات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے عوامی سہولت کے لیے اختیارات لوکل گورنمنٹ کے سپرد کیے ، تاہم عملی طور پر اب بھی غیر ضروری تاخیر اور بار بار دفاتر کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق متعدد درخواستیں کئی ماہ سے زیر التوا ہیں جبکہ ہر پیشی پر نئی ہدایات دے کر دوبارہ آنے کا کہا جاتا ہے ۔شکایت کنندگان کا کہنا ہے کہ متعلقہ افسران کی عدم موجودگی، درخواستوں کی بروقت جانچ پڑتال اور مؤثر رہنمائی کے فقدان کے باعث خصوصاً بزرگوں، خواتین اور دیہی علاقوں سے آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ افسران اور عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے ، زیر التوا درخواستیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹائی جائیں اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے معلوماتی ڈیسک قائم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں