ڈائریکٹر لائیوسٹاک کادورہ جھنگ ، 100 فیصد ریکوری کی ہدایت
ڈاکٹر حیدر نے محکمانہ کارکردگی، ویٹرنری سروسز، فیلڈ سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان نے ضلع جھنگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف اجلاسوں کی صدارت اور جاری منصوبوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے دفتر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک جھنگ میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمانہ کارکردگی، ویٹرنری سروسز، فیلڈ سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں ڈسٹرکٹ ڈائیگناسٹک لیبارٹری جھنگ میں جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کی ہدایت کی۔بعدازاں تحصیل جھنگ کے ویٹرنری افسروں کے اجلاس میں پنجاب لائیوسٹاک کارڈ پروگرام کے تحت ریکوری کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر حیدر علی خان نے ہدایت کی کہ پروگرام کے تحت 100 فیصد ریکوری ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے ، تمام زیرالتوا ریکوریز مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں اور مؤثر فیلڈ مانیٹرنگ کے ذریعے اعلیٰ حکام کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے ۔