ریجنل پولیس فیصل آباد اور فینکس سکول سسٹم میں ایم او یو

ریجنل پولیس فیصل آباد اور فینکس سکول سسٹم میں ایم او یو

پولیس اہلکاروں کے بچوں کے لیے خصوصی تعلیمی رعایتوں کا اعلان کیا گیا

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ریجنل پولیس فیصل آباد اور فینکس سکول اینڈ کالج سسٹم کے درمیان پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کو معیاری اور رعایتی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے ۔ایم او یو پر ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سہیل اختر سکھیرا اور فینکس سکول اینڈ کالج سسٹم کے مینجنگ ڈائریکٹر سید اسفر کاظمی نے دستخط کیے ۔معاہدے کے مطابق شہداء پولیس اور دورانِ ملازمت وفات پانے والے پولیس افسران کے اہل خانہ کو ٹیوشن فیس میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ غازی پولیس افسروں کے اہل خانہ کے لیے 60 فیصد اور حاضر سروس و ریٹائرڈ پولیس افسروں کے اہل خانہ کے لیے 50 فیصد ٹیوشن فیس میں رعایت فراہم کی جائے گی۔

ایم او یو کے تحت پولیس افسروں کو ٹیوشن فیس آسان اقساط میں جمع کرانے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران کے بچوں کو میرٹ کی بنیاد پر اسکالرشپس دی جائیں گی، جبکہ پولیس اہلکاروں کے بچوں کو داخلوں میں ترجیحی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ معاہدے کا مقصد پولیس فورس اور ان کے اہل خانہ کو معیاری اور سستی تعلیم کی فراہمی یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور ان کی فیملیز کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے تاکہ انہیں بہتر تعلیمی اور سماجی سہولیات میسر آ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں