حضرت بلال کی سیرت امت مسلمہ کیلئے مشعلِ راہ ، آصف قادری
ان کی سیرت سے محبتِ رسولؐ، اطاعت اور استقامت کا عظیم درس ملتا ہے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان سنی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر (پولیٹیکل ونگ) اور ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے کہا ہے کہ حضرت بلال حبشیؓ کا عشقِ رسول ﷺ پوری امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ان کی سیرت سے محبتِ رسول ﷺ، اطاعت اور استقامت کا عظیم درس ملتا ہے ۔وہ شادمان روڈ پر حضرت بلال حبشیؓ کے یومِ وصال کے سلسلے میں منعقدہ لنگر کیمپ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو حضرت بلال حبشیؓ کے جذبئہ عشقِ رسول ﷺ اور مثالی کردار سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پروفیسر پیر محمد آصف رضا قادری نے کہا کہ حضرت بلال حبشیؓ تمام مؤذنین کے سردار اور سچے عاشقِ رسول ﷺ تھے ۔ انہیں فتح مکہ کے موقع پر خانہ کعبہ کی چھت پر اذان دینے کا عظیم شرف حاصل ہوا۔ وہ غزوئہ بدر، احد سمیت تمام غزوات میں شریک رہے اور شدید مظالم کے باوجود اسلام پر ثابت قدم رہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت بلال حبشیؓ کو دنیا ہی میں جنت کی بشارت دی گئی ۔ آپؓ کی پوری زندگی ہر مسلمان کے لیے اطاعتِ رسول ﷺ کا بہترین نمونہ ہے ۔تقریب میں حافظ کامران، مرزا انیب ثاقب، محمد ذیشان قادری سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔