گیس لوڈشیڈنگ ، ایل پی جی دگنی قیمت پر فروخت
ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241.43روپے فی کلو مقرر ،دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ، سوئی گیس کی مسلسل بندش سے کھانا پکانے میں مشکلات
فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے ): شہر اور گرد و نواح میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ بیشتر علاقوں میں روزانہ 20 سے 22 گھنٹے تک گیس کی بندش کے باعث لاکھوں صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں، جبکہ متبادل ایندھن ایل پی جی بھی سرکاری نرخ سے تقریباً دگنی قیمت پر فروخت ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے ۔شہریوں کے مطابق گیس کی مسلسل بندش کے باعث گھریلو خواتین، بچوں اور ملازمت پیشہ افراد کو کھانا پکانے سمیت روزمرہ امور میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ گیس نہ ہونے کی وجہ سے صارفین ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، تاہم وہاں بھی من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں۔اوگرا کے مطابق جولائی کے لیے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241.43 روپے فی کلو مقرر ہے ، لیکن فیصل آباد میں یہ 500 سے 550 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہیں، جس کے باعث ناجائز منافع خور کھلے عام صارفین کا استحصال کر رہے ہیں۔شہریوں نے شکایت کی کہ ایک طرف سوئی گیس کے باقاعدہ بل وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف گیس کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے ۔ مجبوراً مہنگی ایل پی جی خریدنا پڑتی ہے ، جس سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔متاثرہ شہریوں نے وفاقی حکومت، اوگرا، سوئی ناردرن گیس کمپنی اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ گیس لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے ، گھریلو صارفین کو مقررہ اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور سرکاری نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے والے ایل پی جی ڈیلرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔