میٹرو منصو بہ ،غیر مصدقہ معلومات کی تشہیر سے گریز کی ہدایت
نامکمل یا حقائق کے منافی معلومات، تصاویر اور ویڈیوز کی تشہیر سے اجتناب کی ہدایت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے ذمہ داران نے تمام سوشل میڈیا ہینڈلرز، بشمول فیس بک، ٹک ٹاک، یوٹیوب اور دیگر پلیٹ فارمز کے منتظمین، ایڈمنز اور صارفین کو ہدایت کی ہے کہ منصوبے سے متعلق غیر مصدقہ، گمراہ کن، نامکمل یا حقائق کے منافی معلومات، تصاویر اور ویڈیوز کی تشہیر سے اجتناب کریں، کیونکہ ایسی معلومات عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کے ساتھ منصوبے کی ساکھ کو بھی متاثر کرتی ہیں۔ترجمان کے مطابق فیصل آباد میٹرو بس منصوبے سے متعلق تمام سرکاری معلومات اور میڈیا مواد صرف مجاز ذرائع اور ڈویژنل انفارمیشن آفس (ڈی جی پی آر) فیصل آباد کی منظوری سے جاری کیا جاتا ہے۔
اس لیے کسی بھی خبر، تصویر یا ویڈیو کو سرکاری تصدیق کے بغیر نشر یا شائع نہ کیا جائے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی شخص بغیر اجازت گمراہ کن یا غیر مجاز معلومات، تصاویر یا ویڈیوز شائع یا پھیلانے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قابل اطلاق قوانین، بشمول پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA)، کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے ۔حکام نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مستند اور سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں اور ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments