کمشنر کا عوامی خدمت کے معیار میں بہتری یقینی بنانے کا حکم
تمام افسر اپنے دفاتر کے دروازے سائلین کے لیے کھلے رکھیں :عمران حامد شیخ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ڈویژن بھر میں عوامی خدمت کا اعلیٰ ترین معیار قائم کرنا اولین ترجیح ہے ۔ اس مقصد کے لیے اضلاع اور تحصیلوں کے دوروں کا شیڈول مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ نچلی سطح پر شہریوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنایا جا سکے ۔کمشنر آفس میں افسر وں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسر اپنے دفاتر کے دروازے سائلین کے لیے کھلے رکھیں اور ان کے مسائل کا حل معمول بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کو غیر ضروری پیچیدگیوں میں ڈالنے کے بجائے فوری ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔عمران حامد شیخ نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی کہ عوامی بہبود کے تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں، شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی انتظامی رکاوٹ کی فوری نشاندہی کرکے بروقت حل نکالا جائے ۔انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو شہری سہولیات کی فراہمی بہتر بنانے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ تمام سٹریٹ لائٹس فعال رہیں، سڑکوں اور اندرونی گلیوں کی مرمت و بحالی میں تاخیر نہ ہو اور میونسپل سروسز کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری خدمات کا معیار عوامی توقعات سے بڑھ کر ہونا چاہیے ۔کمشنر نے محکمہ مال کو مختلف مدات میں ریکوری کے اہداف باقاعدگی سے حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی اور افسران پر زور دیا کہ وہ دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے فیلڈ میں جا کر شہریوں کو ہر شعبے میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں اور مؤثر ٹیم ورک کے ذریعے فیصل آباد کو معیار کے لحاظ سے پنجاب کا بہترین ڈویژن بنایا جائے گا اور اس مقصد کے حصول کے لیے کوششوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف اقبال چوہان، ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن افضل تارڑ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی، اسسٹنٹ کمشنر جنرل عطیہ عنایت سمیت دیگر افسر بھی موجود تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments