چنیوٹ : قائداعظم پارک کی بہتری کیلئے اقدامات کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کا د ورہ ، واکنگ ٹریک کی مرمت کیلئے احکامات دئیے
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد عارف کے ہمراہ قائداعظم پارک کا دورہ کیا اور پارک میں صفائی، خوبصورتی، تفریحی سہولیات اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے پارک کی مجموعی حالت کا معائنہ کرتے ہوئے معیاری اور سرسبز گھاس لگانے ، پودوں اور درختوں کی باقاعدہ تراش خراش، جھولوں اور بینچز کی مرمت و بحالی، جدید لائٹنگ کی تنصیب، داخلی و بیرونی حصوں کی خوبصورتی میں اضافے اور واکنگ ٹریک کی مرمت کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قائداعظم پارک شہریوں، خصوصاً خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے ایک اہم تفریحی مقام ہے ، اس لیے اس کی دیکھ بھال اور تزئین و آرائش پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام کو صاف، محفوظ اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پارک کی بہتری سے متعلق تمام کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments