بغیر نمبر پلیٹ رکشوں کی بھرمار، ٹریفک نظم و ضبط متاثر

بغیر نمبر پلیٹ رکشوں کی بھرمار، ٹریفک نظم و ضبط متاثر

متعدد رکشے کم عمر افراد چلاتے جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی موجود نہیں

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلع بھر کے شہری و دیہی علاقوں میں بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل رکشوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے ٹریفک نظم و ضبط پر سوالات اٹھا دیے ہیں، جبکہ متعدد رکشے کم عمر افراد چلاتے نظر آتے ہیں جن کے پاس مبینہ طور پر ڈرائیونگ لائسنس بھی موجود نہیں۔ غیر رجسٹرڈ یا بغیر نمبر پلیٹ رکشوں کے باعث ٹریفک حادثات اور قانون شکنی کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔عوامی حلقوں کے مطابق شہر کی مختلف سڑکوں، بازاروں، چوکوں اور داخلی و خارجی راستوں پر ایسے موٹر سائیکل رکشے عام دکھائی دیتے ہیں جن پر نمبر پلیٹ موجود نہیں ہوتی۔ بعض رکشوں کی حالت انتہائی خستہ ہے ، جبکہ ان میں غیر ضروری تبدیلیاں اور اضافی نشستیں لگا کر گنجائش سے زیادہ مسافروں کو بٹھانے کی شکایات بھی سامنے آتی رہتی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کم عمر ڈرائیوروں کی جانب سے موٹر سائیکل رکشے چلانے کے باعث سڑکوں پر نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ تیز رفتاری، غلط اوور ٹیکنگ، اچانک موڑ کاٹنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے باعث حادثات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ خصوصاً سکولوں، بازاروں اور گنجان آبادیوں کے قریب کم عمر ڈرائیوروں کی مبینہ لاپرواہی شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بن رہی ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...