نیازی ٹاؤن چوک میں تجاوزات کی بھرمار، شہریوں کو مشکلات
ریڑھی بانوں اور عارضی سٹالز نے رہائشی گلیوں تک بھی جگہ جگہ قبضہ جما لیا
راولپنڈی(دنیا رپورٹ ) نیازی ٹاؤن چوک اور ملحقہ علاقوں میں تجاوزات کے باعث شہریوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ مین روڈ کے بعد اب ریڑھی بانوں اور عارضی سٹالز نے رہائشی گلیوں تک بھی جگہ جگہ قبضہ جما لیا ہے ، جس کے باعث پیدل چلنے والوں اور علاقہ مکینوں کو آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے باعث نہ صرف ٹریفک اور پیدل آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ گلیوں میں رہنے والے افراد، خواتین، بچوں اور بزرگوں کو روزمرہ نقل و حرکت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
بعض مقامات پر ریڑھیوں کے گرد رش لگنے سے گلیوں کا راستہ مزید تنگ ہو جاتا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق تجاوزات کے حوالے سے متعدد بار درخواستیں بھی دی جا چکی ہیں، تاہم تاحال مؤثر اور مستقل کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ شہریوں نے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے سی او اور سٹیشن کمانڈر سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر موقع کا معائنہ کرکے گلیوں اور سڑکوں سے تمام غیر قانونی تجاوزات ختم کرائیں اور آئندہ دوبارہ تجاوزات قائم ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments