ورلڈ کلچر فیسٹیول کی میزبانی پر فخر ہے ،آصف حیدر شاہ
عالمی میلہ پرامن تشخص اجاگر کریگا،150 ممالک کے فنکار شرکت کرینگے سیکیورٹی، ٹریفک اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے خصوصی انتظامات کی ہدایت
کراچی(این این آئی)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کی میزبانی پر فخر ہے ، عالمی ثقافتی میلہ دنیا کے سامنے پاکستان کے پْرامن، متنوع اور ثقافتی اعتبار سے بھرپور تشخص کو اجاگر کرنے کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کے تیسرے ایڈیشن کے سیکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ فیسٹیول 29 اکتوبر سے 22 نومبر 2026 تک جاری رہے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ فیسٹیول میں 150 سے زائد ممالک کے ایک ہزار سے زیادہ فنکار اور اداکار شریک ہونگے جو موسیقی، تھیٹر، رقص اور فلم کے شعبوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے۔
اجلاس میں فیسٹیول کی سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی، بجلی کی فراہمی اور ہنگامی خدمات سمیت دیگر انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکریٹری نے ایڈیشنل آئی جی کو فیسٹیول کے دوران فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مؤثر منصوبہ ترتیب دینے کی ہدایت کی۔کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کو فیسٹیول کے مقام تک جانے والی سڑکوں کی ضروری مرمت جبکہ کے الیکٹرک کو آرٹس کونسل کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کی نگرانی میں خصوصی کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جو تمام انتظامات کی نگرانی اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری یقینی بنائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments