گردآلودہواؤں ، گرمی کی شدت اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات سے امراض بے قابو
خشک موسم، رات کے وقت خنکی اور دن میں گرمی کے باعث سرکاری و نجی اسپتالوں میں دمہ، بخار، ملیریا اور ڈینگی کے مریضوں میں نمایاں اضافہ ،بچے سانس کی تکلیف کا شکار ہونے لگے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)خشک موسم، رات کے وقت خنکی اور دن میں گرمی کے باعث دمہ، الرجی، بخار اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھنے لگی ہے ۔طبی ماہرین کے مطابق گرد آلود ہواؤں، کچرا جلانے اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات نے صورتحال کو مزید بگاڑ دیا ہے ۔ شہر کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں دمہ، بخار، ملیریا اور ڈینگی کے مریضوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔اس حوالے سے سول اسپتال کراچی کے ڈاکٹر اور دیگر طبی ماہرین کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں دمہ اور الرجی کے شکار بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ چھوٹے بچوں میں سانس لیتے وقت سیٹی جیسی آواز آتی ہے جسے ویزی چائلڈ کہا جاتا ہے ، جو سانس کی تکلیف کی علامت ہے۔ اسپتال کی او پی ڈی میں روزانہ مریضوں کی تعداد ایک سو سے بڑھ کر ایک سو چالیس تک پہنچ گئی ہے۔
مون سون کے اختتام کے باوجود ڈینگی اور ملیریا کے کیسز بدستور زیادہ رپورٹ ہو رہے ہیں۔ڈینگی اس وقت سب سے عام بیماری ہے ، جبکہ چکن گونیا کے کیسز نسبتاً کم ہیں۔انہوں نے مشورہ دیا کہ ڈینگی کے مریض زیادہ پانی پئیں اور صرف ضرورت کے مطابق درد کم کرنے والی دوا استعمال کریں، جبکہ پلیٹی لیٹس کی مسلسل نگرانی ضروری ہے ۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ماسک کا استعمال کریں، بچوں کو غیر ضروری طور پر باہر نہ لے جائیں، کمروں میں مچھر بھگانے والی بتی استعمال نہ کریں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بازار میں فروخت ہونے والے مشروبات سے پرہیز کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments