ائرپورٹ کے اطراف پرندے روکنے کیلئے اہم فیصلے
رات کوریسٹورنٹ اور ہوٹلوں کے بند ہونے اور تقاریب کے اختتام پر بچ جانے والا کھانا اور کچرا کھلے عام ڈمپ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،اجلاسسالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نشاندہی شدہ مقامات پر رکھے گئے ڈسٹ بن سے گھر گھر کچرا جمع کرنے اور بروقت کچرا اٹھانے کو یقینی بنائے گا،کمشنر کراچی
کراچی(اے پی پی)کراچی انتظامیہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے ائرپورٹ کے اطراف میں پرندوں کے تصادم کی روک تھام کیلئے مربوط اقدامات کررہی ہے ۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت منعقد ہ اجلاس میں ائرپورٹ کے گردو نواح اور فنل زون میں پرندوں سے طیاروں کے تصادم کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔کمشنرکراچی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مضبوط باہمی رابطہ کے ساتھ کام کریں اور ائرپورٹ پر آنے اور جانے والی پروازوں کی حفاظت کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایاجائے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ گلستانِ جوہر اور حبیب یونیورسٹی سے پہلوان گوٹھ کی طرف کے علاقے میں، بالخصوص پرندوں کو راغب کرنے والے نشاندہی شدہ مقامات پر صفائی اور کچرے کے مناسب انتظام کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں ائرپورٹ پر پرندوں کو متوجہ ہو نے سے روکنے کیلئے مختلف اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نشاندہی شدہ مقامات پر رکھے گئے ڈسٹ بن سے گھر گھر کچرا جمع کرنے اور بروقت کچرا اٹھانے کو یقینی بنائے گا تاکہ کچرے کے جمع ہونے اور اس کے نتیجے میں پرندوں کے متوجہ ہونے کو روکا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر کورنگی ریلوے ٹریک کے نشاندہی شدہ علاقوں میں صفائی، کچرا ہٹانے اور پرندوں کے تصادم کے خطرات کو کم کرنے کے دیگر اقدامات کے حوالے سے تین ہفتوں کی پیشرفت رپورٹ پیش کریں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دانہ فروخت کرنے والے وینڈرز دوبارہ ان مقامات پر متحرک ہو جاتے ہیں، جس سے شاہراہِ فیصل کے ٹرائی اینگلز اور ناتھا خان روڈ پر پرندوں کا ہجوم جمع ہوتا ہے ۔ کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ان وینڈرز کو مستقل بنیادوں پر ہٹائیں اور پولیس و ٹریفک پولیس کی مدد سے آگاہی سائن بورڈز کے ساتھ ساتھ نگرانی کا نظام سخت کریں۔ اجلاس میں فنل زون میں واقع تقریبا 25 سے 30ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور میرج ہالز کی فہرست کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رات کو ریسٹورنٹ اور ہوٹلوں کے بند ہونے اور تقاریب کے اختتام پر بچ جانے والا کھانا اور کچرا کھلے عام ڈمپ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔تمام ریسٹورنٹ اور شادی ہال مالکان کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ اپنا سینیٹوریل اسٹاف مقرر کریں اور ڈسٹ بنز کے ساتھ ساتھ کچرے کو پولی تھین بیگز میں پوری طرح پیک کر کے مخصوص پوائنٹس تک منتقل کریں تاکہ رات اور صبح کے اوقات میں چیلوں اور دیگر پرندوں کی آمد کو روکا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments