غیر قانونی اوورسیز کنسلٹنسی پر ایف آئی اے کا چھاپہ ، مالک گرفتار
بفرزون میں کارروائی، یونان کے ورک پرمٹ کے نام پر شہری سے لاکھوں روپے طلب کرنے کا انکشاف، اہم دستاویزات برآمد کال سینٹر کے ذریعے بین الاقوامی فراڈ کے مقدمے میں گرفتار 26 ملزمان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، پیشرفت رپورٹ طلب
کراچی(اسٹاف رپورٹر،این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے غیر قانونی اوورسیز ایمپلائمنٹ اور ٹریول کنسلٹنسی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بفر زون نارتھ کراچی میں واقع غیر قانونی کنسلٹنسی کے مالک کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی سیکٹر 15-A/4 بفر زون میں قائم ایم/ایس کوئیک وے کنسلٹنٹ پر کی گئی، جہاں سے کنسلٹنسی کے مالک سید شہریار شاہ کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم مبینہ طور پر متعلقہ مجاز اتھارٹی کے لائسنس کے بغیر اوورسیز ایمپلائمنٹ اور ٹریول کنسلٹنسی کا کاروبار چلا رہا تھا۔ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران دفتر سے غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق اہم دستاویزات اور دیگر قابل اعتراض مواد برآمد کرکے تحویل میں لے لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم بیرون ملک روزگار کے پیکیجز، جن میں یونان کا ورک پرمٹ بھی شامل تھا، فراہم کرنے کے نام پر شہریوں سے بھاری رقوم وصول کررہا تھا۔ایف آئی اے کے مطابق ایک متاثرہ شہری سے یونان کے ورک پرمٹ کے عوض مجموعی طور پر 12 لاکھ 20 ہزار روپے طلب کیے گئے۔
جس میں سے شہری نے ایک لاکھ روپے بطور ایڈوانس ادا کیے تھے ۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف امیگریشن آرڈیننس 1979ء-04 کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، جبکہ برآمد شدہ مواد کی جانچ اور مزید تفتیش جاری ہے۔ تحقیقات کے دوران دیگر ممکنہ متاثرین اور سہولت کاروں کے کردار کا بھی تعین کیا جائے گا۔ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے غیر قانونی اوورسیز ایمپلائمنٹ، جعلی سفری ویزوں اور بیرون ملک روزگار کے نام پر شہریوں سے فراڈ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے کال سینٹر کے ذریعے بین الاقوامی فراڈ کے مقدمے میں گرفتار 26 ملزمان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔ این سی سی آئی اے نے ملزمان علی صدیقی، فاروق، فواد، یوسف، رمل و دیگر کو عدالت میں پیش کیا۔ گرفتار ملزمان میں 4 افغان باشندے اور کال سینٹر کے 3 مالکان بھی شامل ہیں۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان غیر ملکی شہریوں کو فراڈ کا نشانہ بناتے تھے ، ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل آلات برآمد ہوئے ہیں جبکہ ڈیجیٹل آلات کی فرانزک رپورٹس آنا باقی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments