گھریلو ملازمہ پر 65 لاکھ کے طلائی زیورات ہتھیانے کا الزام
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)منافع کے لالچ میں مالکن سے لاکھوں روپے مالیت کے سونے کے زیورات ہتھیانے کا الزام، گھریلو ملازمہ نے مبینہ طور پر بینک عملے کے ساتھ مل کر 65 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 15 تولے طلائی زیورات ہتھیا لیے۔
پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں گھریلو ملازمہ اور بینک کی دو کسٹمر آفیسرز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ایف آئی آر کے مطابق بنگلہ نمبر 9 کی رہائشی طلعت یاسمین کو طلائی زیورات پر منافع دینے کا جھانسہ دیا گیا۔ اور بعدازاں زیورات واپس کرنے سے مبینہ طور پر انکار کردیا گیا۔ مقدمے میں گھریلو ملازمہ نرگس بتول اور بینک کی کسٹمر آفیسرز تابندہ زینب اور سدرہ المنتہیٰ کو نامزد کیا گیا ہے ۔متاثرہ خاتون کے مطابق گھریلو ملازمہ نے بینک عملے کی مبینہ مدد سے 15 تولے طلائی زیورات بطور منافع بینک میں جمع کروائے اور بعدازاں زیورات واپس کرنے سے مکر گئیں۔ زیورات کی مالیت 65 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے ۔واقعے پر طلعت یاسمین کی مدعیت میں تھانہ ساجد شہید پولیس نے تینوں خواتین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments