ابتدائی طبی امداد کے عالمی دن پرطلبہ کی عملی تربیت
انسانی جانیں بچانے کیلئے نوجوان ابتدائی طبی امداد کی تربیت ضرورلیں:احتشام واہلہ
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ابتدائی طبی امداد کے عالمی دن پر ریسکیو 1122 فیصل آباد کی جانب سے مختلف تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو ابتدائی طبی امداد کی عملی تربیت اور آگاہی فراہم کی گئی۔ تربیتی پروگرامز کے دوران طلبہ کو دل کی دھڑکن بند ہونے پر کارڈیو پلمونری ری سسیٹیشن (CPR)، شدید خون بہنے پربہاؤ کو روکنے کے طریقوں اور دیگر ہنگامی حالات میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے عملی طریقے سکھائے گئے ۔ ریسکیو 1122 کے ماہر ین نے نوجوانوں کو عملی مشقوں کے ذریعے تربیت دی تاکہ وہ کسی بھی ایمرجنسی پرریسکیو ٹیم کے پہنچنے تک متاثرہ فرد کی زندگی بچانے کیلئے فوری درست اقدامات کر سکیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسراحتشام واہلہ نے عالمی یومِ ابتدائی طبی امداد پرپیغام میں کہا ابتدائی طبی امداد کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انتہائی اہمیت رکھتی ہے ۔ دنیا بھر میں کارڈیک اریسٹ اور شدید خون بہنے سے اموات اہم عالمی مسئلہ ہیں۔ تحقیق کے مطابق کارڈیک اریسٹ پربروقت CPR فراہم نہ کیا جائے تو متاثرہ شخص کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔ ایسے میں ابتدائی طبی امداد کا تربیت یافتہ عام شہری قیمتی انسانی جان بچانے میں اہم کردارادا کر سکتا ہے ۔ اگر ہر گھر، تعلیمی ادارے ، دفتر، مارکیٹ اور کمیونٹی میں کم از کم ایک تربیت یافتہ فردموجود ہو تو شدید خون بہنے ، کارڈیک اریسٹ، حادثات و دیگر ہنگامی صورتحال میں ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل قیمتی انسانی جانوں کو بچایاجا سکتا ہے ۔ انہوں نے عوام، بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قیمتی انسانی جانیں بچانے کیلئے ابتدائی طبی امداد کی تربیت ضرور حاصل کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments