ڈی سی ماہم ملک مختلف مقامات پر عوامی سہولیات کا جائزہ

ڈی سی ماہم ملک مختلف مقامات پر عوامی سہولیات کا جائزہ

چائلڈ پروٹیکشن بیورو،ہینڈی کرافٹ سنٹر ،جوڈیشل کمپلیکس،مریم نواز کلینک کا دورہ

ٹو بہ ٹیک سنگھ ،کمالیہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے چائلڈ پروٹیکشن بیورواور اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی کے ہمراہ گورنمنٹ ہینڈی کرافٹ سنٹر ،جوڈیشل کمپلیکس اور چک نمبر 737 گ ب میں قائم مریم نواز ہیلتھ کلینک کا معائنہ کیا اور عوام کو فراہم سہولیات کا جائزہ لیا ۔انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو گلشن اسلم نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ میں بتایا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جانب سے اپریل 2025 سے ابتک 200 سے زائد کیسز میں معاونت فراہم کی جا چکی ہے، چائلڈ میرج کیسز میں بھی معاونت کی جا رہی ہے، سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز میں چائلڈ پروٹیکشن، گڈ و بیڈ ٹچ سے آگاہی دی جا رہی ہے۔

ماہم آصف نے کہا بچوں کے حقوق و تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں ،سٹریٹ چلڈرن اور بھیک مانگنے والے بچوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے ۔ ماہم آصف اور ارم شہزادی نے ہینڈی کرافٹ سنٹر میں تیار کھدر سمیت مختلف دستکاری مصنوعات کا جائزہ لیا اور کاریگروں سے مسائل بارے معلومات لیں اور کہا مقامی ہنر اور دستکاری کو فروغ دینا ترجیحات میں شامل ہے ۔ کھدر اور دیگر روایتی دستکاری ہماری ثقافتی شناخت کا اہم حصہ ہیں، جنہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے بہتر مارکیٹنگ اور فروغ کے مواقع فراہم کئے جائیں ۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے چک نمبر 737 گ ب میں قائم مریم نواز کلینک میں مریضوں کو طبی سہولیات، ادویات دستیابی، صفائی اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔ عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ڈی سی نے مل فتیانہ روڈ پر زیر تعمیر جوڈیشل کمپلیکس کا بھی معائنہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...