پٹرولیم نرخ بڑھنے سے مہنگائی کی نئی لہر، شہری پریشان
گڈز و پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں نمایاں اضافہ، زائدکرایہ وصولی پرسخت کارروائی کامطالبہ،مصنوعی مہنگائی کا بازار بھی گرم، اشیا ضروریہ مزید مہنگی ہونے کا خدشہ
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )پٹرولیم قیمتوں میں آئے روز اضافے پرمہنگائی کی نئی لہر سے شہری پریشان، ٹرانسپورٹرز نے گڈز وپبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں نمایاں اضافہ کردیا جس سے شہری بھی متاثر ہونے لگے۔ گرانفروشوں نے بھی مصنوعی مہنگائی کا بازار گرم کردیا ۔ پٹرولیم قیمتوں میں یومیہ اضافہ اب غریب عوام کی برداشت سے باہر ہونے لگا کیونکہ تیل کی قیمتوں میں روزانہ اضافے سے گرانفروشوں نے انکی کمر توڑ دی ہے ۔گڈزو پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایے بڑھنے کے اثرات براہ راست عوام پر اشیا ئے ضروریہ مہنگی ہونے کی صورت میں مرتب ہورہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران پٹرول 325 روپے 92 پیسے سے بڑھ کر 375 روپے 82 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 382 روپے 25 پیسے سے بڑھ کر 403 روپے 32 پیسے فی لٹر ہوگیا، یوں پٹرول 49 روپے 90 پیسے اور ڈیزل 21 روپے 7 پیسے فی لٹر مہنگا ہوا، حالیہ اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد جبکہ مختلف بین الاضلاعی اور انٹر سٹی روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10 سے 12 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے جس سے مزدور، ملازمین، طلبہ اور کم آمدن والے افراد کے سفری اخراجات بڑھ گئے ہیں۔
جبکہ مال برداری مہنگی ہونے سے سبزی، پھل، آٹا، دالیں اور دیگر اشیائے ضروریہ بھی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا اثر پہلے ہی گھریلو بجٹ پر پڑ رہا تھا، اب ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے نے روزمرہ زندگی مزید مشکل بنا دی ہے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں کی نگرانی کی جائے اور مقررہ کرایہ سے زائد وصولی پر سخت کارروائی کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments