ایم ڈی کیٹ ، ڈپٹی کمشنر کا امتحانی مراکز کا دورہ، انتظامات دیکھے
والدین کے بیٹھنے کے لیے بھی مناسب جگہ مختص کرنے کی ہدایت کی گئی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے میڈیکل و ڈینٹل کالج میں داخلہ کے لیے انٹری ٹیسٹ کے امتحانی مراکز کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈویژنل پبلک سکول اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اولڈ کیمپس میں قائم امتحانی مراکز کا معائنہ کیا اور انتظامی و حفاظتی اقدامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ میڈیکل و ڈینٹل کالج میں داخلہ کے لیے انٹری ٹیسٹ 20 ستمبر بروز اتوار دونوں امتحانی مراکز میں منعقد ہوگا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی، میونسپل کارپوریشن، سول ڈیفنس، ٹریفک پولیس سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے دونوں امتحانی مراکز میں امیدواروں کے لیے نشستوں، ٹینٹس، پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، رہنمائی ڈیسک، پرنٹر، میڈیکل کیمپ، نادرا سہولت اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے امتحانی مراکز میں امیدواروں کی سہولت کے لیے تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کرنے اور والدین کے بیٹھنے کے لیے بھی مناسب جگہ مختص کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے امتحانی عمل کو شفاف، پرامن اور نقل سے پاک رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اور وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments